انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مردکھلاڑیوں کے لیے ’کرکٹر آف دی ائیر‘ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ جس میں پاکستان کے 2کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ برق رفتار تیز بالرشاہین شاہ آفریدی نے 2021میں 36انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیتے ہوئے 78کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ اُن کی بہترین بالنگ 51رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا شامل ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اپنے تباہ کن بالنگ اسپیل سے مخالف بلے بازوں کو لرزا دیا تھا۔ بالخصوص بھارت کے خلاف روہیت شرما اور کے راہول کو پھینکی گئیں 2گیندیں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہترین ڈلیوری تصور کی گئیں۔ دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور محمد رضوان کی کارکردگی بھی اس کلینڈر ائیر میں غیر معمولی رہی۔ انہوں نے وکٹ کے پیچھے اور سامنے جم کر کھیل دکھایا۔
محمد رضوان نے 44انٹرنیشنل میچز میں 56.32کی اوسط سے 2سنچریوں کی مدد سے 1915رنز بنائے۔ وہ کلینڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھی بلے باز ہیں۔محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی اسی کارکردگی نے انہیں ’کرکٹر آف دی ائیر‘ کی نامزدگی کا اعزاز دلایا ہے۔ دونوں کے مقابلے میں جو روٹ اور کین ولیم سن بھی ہیں۔ انگلش کپتان جو روٹ نے 2021میں 18انٹرنیشنل میچز میں 1855رنز 58.37کی اوسط سے بنائے۔ جو روٹ کے ان رنز میں 6شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ادھر کیوی کپتان کین ولیم سن کی کارکردگی بھی مثالی رہی ہے۔ جو اپنی زبردست کپتانی سے ٹیم کو پہلے ٹیسٹ چمپین بنایا اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ کین ولیم سن کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو انہوں نے ایک سنچری کی مدد سے 43.31کی اوسط سے 16انٹرنیشنل میچز میں 693رنز بنائے۔ اب دیکھتے ہیں کہ آئی سی سی کی ’سر گارفیلڈ سوبر ٹرافی فار کرکٹر آف دی ائیر‘ کے لیے کون بازی لے جاتا ہے۔
Discussion about this post