میلبورن میں انگلینڈ کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ اُس نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ میزبان بالرز نے ایسی تباہ کن بالنگ کرائی کہ پوری انگلش ٹیم صرف 68رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں آسٹریلیا نے ایک اننگ اور 14رنز سے ہرا کر 5میچز کی ایشز سیریز میں 3-0کی برتری حاصل کرکے ایک بار پھر ایشز ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مین آف دی میچ فاسٹ بالر اسکاٹ بولینڈ نے قیامت برپا کرتے ہوئے صرف 7رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو شکار کیا۔
مچل اسٹارک کے حصے میں 3کھلاڑی آئے۔ مہمان انگلش ٹیم کے 9کھلاڑی تو ڈبل فیگرز تک میں داخل نہ ہوسکے۔ نمایاں اسکورر جو روٹ28رنز بنا کر رہے۔ جنہیں ٹیسٹ کرکٹ کے کلینڈر ائیر میں محمد یوسف کے سب سے زیادہ 1788رنز بنانے میں بھی ناکامی ہوئی۔ بہرحال وہ ویوین رچرڈز کے 1710رنز کے بعد سب سے زیادہ 1680رنز بنا کر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
میلبورن ٹیسٹ میں انگلش ٹیم پہلی اننگ میں 185رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 267رنز کیے اور یوں اسے 82رنز کی سبقت حاصل تھی۔ جسے پورا کرنے میں انگلش ٹیم بری طرح بے بس نظر آئی۔ مسلسل 3 ٹیسٹ جیت کر اب آسٹریلیا آئی سی سی ٹیسٹ چمپین شپ میں 36پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آگئی ہے جبکہ اس کے بعد سری لنکا دوسری اور پاکستان تیسری پوزیشن پر فائز ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 14جنوری کو ہوبرٹ میں کھیلا جائے گا۔
Discussion about this post