امیتابھ بچن کو ’اینگری ینگ مین‘ بنانے والے اسکرین پلے اسٹوری رائٹر سلیم خان نے اُنہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ زندگی میں بہت کچھ کرچکے اب امیتابھ بچن کو فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کرلی چاہیے۔ سلمان خان کے والد سلیم خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اِس وقت جو بالی وڈ فلمیں بن رہی ہیں، اُن میں امیتابھ بچن کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ امیتابھ بچن کل بھی ہیرو تھے اور آج بھی۔ اسی لیے بہتر تو یہ ہوگا کہ وہ کیرئیر کے اس موڑ پر خود فیصلہ کریں کہ اب اُنہیں مزید کام نہیں کرنا۔ سلیم خان کا کہنا تو یہ بھی ہے کہ اب امیتابھ بچن کو ذہن میں رکھ کر کوئی کردار نہیں لکھا جارہا۔
کیا سلیم خان نے پرانی رنجش پر امیتابھ بچن کو مشورہ دیا؟
ایک زمانے میں امیتابھ بچن اور سلیم جاوید کی جوڑی کے سلیم خان کے درمیان پکا یارانہ تھا۔ سلیم خان برملا کہتے ہیں کہ انہوں نے امیتابھ بچن کو ’زنجیر‘ میں پولیس انسپکٹر والا کردار دلانے کے لیے پرکاش مہرہ سے سفارش کی اور اسی فلم کے بعد امیتابھ بچن نے دیوار، شعلے، ترشول، کالا پتھر، شان اور شکتی جیسی اُن فلموں میں کام کیا، جن کی کہانیاں اور اسکرین پلے سلیم جاوید کا لکھا ہوا تھا۔ جاوید اختر کو الوداع کہنے کے بعد جب سلیم خان نے تن تنہا اسکرین پلے لکھنے کا آغاز کیا تو بدقسمتی سے 90کی دہائی میں ان کی فلم ’اکیلا‘ بری طرح فلاپ ہوگئی۔ جس میں امیتابھ بچن نے کام کیا تھا۔
اس فلم کے بعد جب سلیم خان نے اگلی فلم لکھی تو امیتابھ بچن نے سابقہ تجربے کی بنیاد پر اس تخلیق میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔ جس کے بعد دونوں میں اختلافات شدید نوعیت کے ہوگئے۔ سلیم خان بیشتر انٹرویوز میں یہی کہتے کہ امیتابھ بچن ایک خود غرض اور انا پرست شخص ہیں، جو اپنے محسنوں کو فراموش کرجاتے ہیں۔ اس تناظر میں سلیم خان کا اب یہ کہنا کہ امیتابھ بچن فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیں، ممکن ہے اُن کے ذاتی تلخ تجربے کا شاخسانہ ہو۔
کیا واقعی امیتابھ بچن کو ریٹائر ہوجا چاہیے؟
حال ہی میں 79ویں سال گرہ کا جشن منانے والے امیتابھ بچن اگلے دو سال تک آدھا درجن فلمی منصوبوں میں مصروف ہیں۔ ادھیڑ عمر کے اداکار اس وقت بھی کئی سپراسٹارز کے برابر معاوضہ طلب کررہے ہیں جبکہ فلمی منصوبوں کے علاوہ وہ ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کرنے کے ساتھ کئی کمرشلز میں بھی جلوہ افروز ہوتے ہیں۔
کہا تو یہ بھی جاتا ہے کہ اگر کسی بزنس مین کی بیٹے یا بیٹی کی شادی میں امیتابھ بچن شرکت کرتے ہیں تو اس کا بھی منہ مانگا معاوضہ وصول کرتے ہیں، کئی ملکی اور غیر ملکی کمپنیز کے برانڈ ایمبسڈر ہیں درحقیقت اس بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود امیتابھ بچن چاروں طرف سے کما کر اپنے بینک کھاتوں میں دھڑ ادھڑ اضافہ کررہے ہیں۔ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق وہ اِس وقت بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار ہیں۔ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ امیتابھ بچن میں آج بھی وہی جوش اور جذبہ ہے جو برسوں پہلے اُن کی شناخت تھا ۔ نوجوان اداکاروں کے مقابلے میں وہ بھرپور انداز میں ہر فلم کی عکس بندی میں غیر معمولی طور پر دلچسپی اور پوری توجہ دکھاتے ہیں۔
Discussion about this post