اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم کی نااہلی پر احتجاج کرنے پر وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آئی 9 میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔ فیصلے کے مطابق دوران سماعت ملزمان راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جب کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا سردار مصروف، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ لیکن تمام غیرحاضر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جاتی ہیں۔ اور ضمانتی مچلکے بھی منسوخ کیے جاتے ہیں۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ ہ 3 روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں پولیس سے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ عدالت ملزم کا انتظار تو نہیں کرسکتی۔
Discussion about this post