بالی ووڈ کے شہنشاہ پھر سوالوں کا کھیل رچا کر بھارتیوں کو کروڑ پتی بنانے کی دھن میں نکل پڑے ہیں۔ 12سیزن کی کامیابی کے بعد اب پھر سے 23اگست سے شروع ہونے جارہا ہے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘۔ جس کی تیاری اب آخری مراحل میں ہے۔ اس 13ویں سیزن سے پہلے امیتابھ بچن کسی صورت میزبانی کرنے پر آمادہ نہیں تھے لیکن بھارتی ٹی وی چینل کا خیال تھا کہ ان سے بہتر کوئی اور یہ شو کر ہی نہیں سکتا۔ اسی بنا پر امیتابھ بچن کو ایک بار پھر بھاری معاوضے کے عوض اس شو کی میزبانی مل گئی ہے۔ امیتابھ بچن کا ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ گزشتہ 21سال سے کامیابی کے ساتھ مختلف اوقات میں نشر ہوتا رہا ہے۔ گو کہ درمیان میں اس کی میزبانی شاہ رخ خان کے حصے میں بھی آئی لیکن بیشتر ناظرین کا خیال تھا کہ امیتابھ بچن سے بہتر کوئی اور میزبان ہو ہی نہیں سکتا۔
بگ بی کے لیے ’کے بی سی‘ کیوں اہم؟
امیتابھ بچن کو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ ایسے وقت میں ملا، جب ان کی فلمیں پے در پے ناکامیوں سے دوچار ہورہی تھیں۔ فلم ساز انہیں اپنی تخلیقات میں شامل کرنے سے کتراتے۔ حالت یہ تھی کہ فلموں کی مسلسل ناکامی نے امیتابھ بچن کو ذہنی اور مالی طور پر پریشان کردیا تھا۔ جب ٹی وی چینل نے انہیں اس شو کی پیش کش کی تو انہیں یہ خدشہ تھا کہ اگر وہ چھوٹی اسکرین پر آئے تو ان کا ’اسٹار ڈم‘ کا سارا چارم بیٹھ جائے گا لیکن مالی خسارے اور خبروں میں ’ان‘ رہنے کے لیے ان گنت تحفظات کے ساتھ انہوں نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی قبول کرنے سے پہلے دنیا بھر میں ہونے والے اس کے مختلف ورژن کا بخوبی مشاہدہ بھی کیا اور پھر انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں میزبانی کا ایسا آغاز کیا کہ وہ عوام میں حد درجہ مقبول ہوئے۔ مثال کے طور پر ان کا یہ کہنا ’ غلط جواب‘ یا پھر درست جواب سے پہلے ناظرین میں تجسس اور سنسنی خیزی کا عنصر نمایاں کرنا۔ درحقیقت ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ نے ایک بار پھر امیتابھ بچن کو فلمی دنیا میں واپس لانے کا کام بھی سرانجام دیا۔ جس کے بعد اُن کی مقبولیت اور شہرت کا نیا سفر شروع ہوا۔ امیتابھ بچن نے کئی بار اس بات کا اعتراف کیا کہ اگر وہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی قبول نہیں کرتے تو ممکن ہے کہ ان کا فلمی کیرئیر ناکامی کے ساتھ اختتام پذیر ہوجاتا۔
کون بنے گا کروڑ پتی کیا ہے؟
یہ ایک انعامی کھیل ہے جو دنیا کے کئی ممالک میں وہاں کی مقامی زبانوں میں نشر ہوتا رہا ہے۔ ایک سوال کے چار جواب ہاٹ سیٹ پر بیٹھے مہمان کے سامنے آتے ہیں۔جن میں سے درست جواب دے کر وہ آگے بڑھتا رہتا ہے۔ جبکہ اس دوران مہمان کو 4 لائف لائنز بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ بھارتی ورژن ’کو ن بنے گا کروڑ پتی‘ کے 7ویں سیزن میں آخری جواب دینے والوں کو ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم ملتی تھی لیکن پھر بعد میں اس میں بتدریج اضافہ ہوتا رہا ہے اور یہ 7کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
Thank you for the overwhelming response on Part 1 and 2. We now present to you the finale of the three part series #KBCFilmSammaanPart3!
Don’t forget to tune in to #KBC13 starting 23rd Aug , 9 pm only on Sony #JawaabAapHiHo. pic.twitter.com/Sdmu8sBGza
— sonytv (@SonyTV) August 10, 2021
Discussion about this post