پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورچیوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے خلاف میچ کو عام میچ کی طرح کھیلیں گے، جانتے ہیں کہ یہ میچ ہائی وولٹیج مقابلہ ہوتا ہے لیکن جس نے اعصاب پر قابو رکھا وہی کامیاب ہوتا ہے۔ انڈیا کے خلاف جہاں دیگر منصوبہ بندی کررہے ہیں، وہیں اس بات کی بھی کوشش ہے کہ پریشر کو کیسے ہینڈل کیا جائے۔ پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ جو ماضی میں آئی سی سی ایونٹس میں انڈیا کے خلاف میچز میں ہوچکا ہے، اُسے بھول چکے ہیں، اب ایک نئے حوصلے کے ساتھ مناسب منصوبہ بندی کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔ مکمل طور پر اعتماد ہے کہ پاکستان، انڈیا کے خلاف بہترین کھیل پیش کرے گا۔ بابراعظم نے شعیب ملک کی ٹیم میں موجودگی کے سوال پر کہا کہ شعیب ملک ہوں یا محمد حفیظ انہوں نے جہاں پاکستان کے لیے کئی میچز کھیلے وہیں دنیا بھر کی کئی لیگز میں بھی نظر آئے، ان کی ڈریسنگ روم میں موجودگی سے جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا وہیں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گی۔ یہ کھلاڑی قومی نیشنل کپ میں پرفارمنس دے کر ہی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ یہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا فیصلہ نہیں تھا۔ بہرحال ہم یہ سب باتیں پرانی ہوئیں اب ہم دونوں ٹیموں کے خلاف 100فی صد کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Discussion about this post