وزیراعظم عمران خان نے سڑکوں پر نکلی ہوئی اپوزیشن کے مظاہروں اور احتجاج کا بھرپور جواب دے دیا۔ شام میں قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں دس دس روپے کم کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ یہ بھی خوش خبری سنائی کہ 5 روپے فی یونٹ بجلی بھی سستی ہورہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا کہ اگلے بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کے مطابق بی اے پاس نوجوانوں کو 30 ہزار روپے انٹرن شپ کے طور پر دیے جائیں گے۔ 80 لاکھ گھرانوں کو اب 12 کے بجائے 14 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انفارمیشن سیکٹر سے جڑی کمپنیز اور فری لانسرز کو 100 فی صد ٹیکس میں رعایت ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اُن کے دور حکومت میں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ترسیلات آئیں اور برآمدات ہوئیں۔ ٹیکس وصولی 6 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہوئی، جو 31 فی صد زیادہ ہیں۔ 100 کمپنیز نے 930 ارب روپے کا منافع حاصل کیا۔ ان کے مطابق گندم، مکئی، چاول اور گنے کی سب سے زیادہ پیدوار ہوئی۔ کسانوں کے پاس 11 سو ارب روپے اضافی آئےجبکہ اس سے قبل اتنی رقم کسانوں کو نہیں ملتی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹریکٹر کی فروخت 20 فی صد اضافی ہوئی۔ اسی طرح تعمیراتی شعبے میں 1500 ارب روپے آئے۔ صحافت کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس دعویٰ کی نفی کی کہ آزادی صحافت پر پابندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند تنقید کرنا اچھی بات ہے۔ پیکا 2016 میں منظور ہوا۔ اس کا کسی بھی صورت آزادی صحافت سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صحافی نے لکھا کہ عمران خان کی اہلیہ گھر چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔ جب ایسا وزیراعظم کے ساتھ ہورہا ہے تو تصور کریں کہ عام افراد کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری زنددگی تنقید دیکھی ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی نامزدگی کے بعد کہا گیا کہ جادو اور ستاروں کے ذریعے یہ سب کیا گیا۔ اگر کوئی غیر ملکی اخبار اس طرح کچھ لکھتا تو جرمانے کے بعد اخبار ہی بند ہوجاتا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے پہلے دور میں 10.7 فیصد منہگائی تھی۔ جبکہ تحریک انصاف کی 3 سالہ حکومت میں یہ صرف 8.5 فیصد ہے۔ خارجہ پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خواہش تھی کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہولیکن ماضی میں غلط خارجہ پالیسی بنائی گئی۔ آزاد قوم کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ پالیسی ہو جو قوم کے مفاد میں ہو۔ وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سوشل میڈیا پر گند پھیلائی جارہی ہے۔ چائلد پورنو گرافی آرہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مطابق دنیا میں کہیں بھی ایسی کوئی چیز نہیں آتی جو پاکستانی سوشل میڈیا پر آرہی ہے۔
Discussion about this post