پیر کو چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش میں آگئیں کہ کپتان بابراعظم ، ٹیم کے انتخاب کے معاملے میں خاصے ناراض ہیں۔ ذرائع سے چلنے والی خبروں میں کہا گیا کہ بابراعظم نے صہیب مقصود اور اعظم خان کے انتخاب پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔کپتان کی خواہش تھی کہ اسکواڈ میں فہیم اشرف اور فخر زمان کو شامل کیا جائے۔ میڈیا میں بابراعظم کی ناراضگی کی خبریں بھی خاصی عام ہوئیں، جس پر کرکٹ مبصرین نے تبصرے بھی کرنا شروع کردیے۔
بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
ان ساری کہانیوں اور افواہوں کی کھچڑی جب خوب پکنے لگی تو اس سارے معاملے میں اب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو کودنا پڑا، جنہوں نے وضاحتی بیان دیتے ہوئے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ منتخب ہونے والے اسکواڈ کے پیچھے کپتان بابر اعظم مکمل اعتماد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ذرائع ابلاغ میں جو خبریں گردش میں ہیں، وہ حقائق کے منافی ہیں۔ وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو کچھ کھلاڑیوں نے رمیز راجا سے ملاقات ضرور کی، جس میں اس بات پر غور کیاگیا کہ ہمیں کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ وسیم خان نے زور دے کر کہا ہے کہ جو ٹیم اسکواڈ منتخب ہوچکا ہے۔ ہم سب اُس کی مکمل پشت پناہی کریں تاکہ آنے والے ایونٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔
Discussion about this post