معمولی بال بوائے سے دنیا کا نمبر ون بیٹسمین بننے والا کرکٹر انسانی خدمت کے جذبے میں بھی سب سے آگے ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے طلبہ کی تعلیم کے لیے بیش قیمت اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے ۔ والد محمد اعظم کے ہمراہ لاہور کے نجی ہوٹل میں انھوں نے اس حوالے سے ایک تقریب منقعد کی اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیا ۔ بابر اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آنے والے نئے کرکٹرز تعلیم یافتہ ہوں تاکہ وہ ماڈرن کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر اپنا کیرئیر آگے بڑھا سکیں ۔ تعلیم یافتہ کرکٹرز اس کھیل میں سٹے کے بڑھتے ہوئے رجحان سے بھی خود کو محفوظ رکھنے کے قابل ہوسکیں گے ۔
بابر نے جس تسلسل کے ساتھ پرفارمنس دیتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے بلاشبہ اس میں انکی قابلیت کا بھی بڑا عمل دخل ہے ۔حال ہی میں بابر نے کیریئر کے ریکارڈ میں ایک اور اضافہ کیا اور وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 7000 رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر ان سے کم اننگز میں 7000 رنز تک پہنچنے کا سنگ میل عبور کرلیا۔ بابراعظم کو یقین ہے کہ بطور کپتان وہ 17 اکتوبر سے ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں گے اور ایک بار پھر پاکستانی عوام کو عالمی کپ جیت کر یادگار تحفہ دیں گے ۔
Discussion about this post