گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ’جے بھیم‘ کو ایک نیا اعزاز ملا ہے۔ یہ بھارت اور تامل زبان کی پہلی فلم بن گئی ہے، جسے اکیڈمی ایوارڈز (آسکر)نے اپنے یو ٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا ہے۔ آسکر کے آفیشل چینل پر ’جے بھیم‘ کا12 منٹ 48 سکینڈز کا کلپ جاری کیا گیا ہے۔ جسے پروڈکشن ہاؤس نے اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ ’جے بھیم‘ دراصل بھارتی دلتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے گرد گھومتے سچے واقعے پر مبنی فلم ہے۔
تیلگو زبان کی اس تخلیق کو بھارت کی مختلف زبانوں میں منتقل کرکے جب پیش کیا گیا تو اس نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ جس نے بھارتی معاشرے کے اس تلخ پہلو کی طرف اشارہ کیا کہ کس طرح نچلی ذات کے ہندوؤں دلتوں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں۔ فلم کی حقیقی کہانی اور پھر اداکاروں اور ڈائریکشن میں اپنی مثال آپ ہونے پر ’جے بھیم‘ کو دلتوں کی آواز قرار دیا گیا۔
فلم کے نمایاں ستاروں میں سوریا شامل تھے، جو دلتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف کیس لڑتے ہیں اور پھر اپنی ذہانت اور قابلیت کے باعث سرخرو بھی ہوتے ہیں۔ ’جے بھیم‘ کوآئی ایم ڈی بی نے اب تک کی دس بہترین فلموں میں بھی شمار کیا تھا۔ جبکہ بھارت میں اس فلم کے خلاف انتہا پسندوں اور اونچی ذات کے ہندوؤں نے بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کیا۔
Discussion about this post