غیر معمولی ذرائع ابلاغ کا دباؤبھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 8وکٹوں سے بھارتی شکست نے یہ واضح کردیا کہ اس ٹیم کی مایوس کن اور ناقابل یقین کارکردگی جہاں حد سے زیادہ خود اعتمادی ہے، وہیں وہ ذرائع ابلاغ بھی جو چاہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم اگر میدان میں اترے تو صرف جیت کر ہی آئے۔ تماشائیوں کا بھی یہ ذہن بنادیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم ہی سب کچھ ہے، باقی ٹیمیں تو اوسط درجے کی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بھارتی شکست کو ذہنی طور پر قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔پھر بھارتی کھلاڑیوں پر اس قدر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ اپنی فطری کھیل سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ بلکہ یہ کہا جائے کہ پاکستان کے ہاتھوں ہار کے بعد جس اعتماد کو بھارتی ٹیم کھو بیٹھی تھی۔ اس کا مکمل عکس اس میچ میں بھی ملا۔ جہاں اسکوربورڈ پر بھارتی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ اور وہ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف صرف111رنز کا ہدف رکھا۔
کے راہول چلے، نہ روہیت شرما، وشاپنت اور ناہی کپتان کوہلی، نیوزی لینڈ کی نپی تلی اور جارحانہ بالنگ کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ 67گیندوں پر ایک چوکہ بھی نہیں لگا۔ کپتان کین ولیم سن کے بالرز نے ایسا باندھ کر رکھا کہ بھارتی اننگ میں صرف2ہی چھکے لگ پائے۔ ٹرینٹ بولٹ نے 3جبکہ اصل دارڑ تو سوڈھی نے ڈالی جن کے حصے میں 2قیمتی وکٹیں آئیں۔رویندر جڈیجہ اگر آخری لمحات میں برق رفتاری کے ساتھ 26رنز نہ بنا پاتے تو ممکن ہے کہ بھارتی ٹیم کا اسکور 100کے قریب بھی نہیں پہنچتا۔
بھارتی ٹیم کے لیے یہ ہار بہت بڑا صدمہ ہے اور اُس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم و بیش ختم ہوچکے ہیں۔ یہ اُس ٹیم کے لیے بہت بڑا زخم ہے، جس کے مینٹور دھونی تھے اور ہیڈ کوچ روی شاستری۔ درحقیقت اب کپتان کوہلی پر پہلے سے زیادہ دباؤ ایسا آئے گا کہ اُن کی بیٹنگ کارکردگی بھی متاثر ہوگی، تاہم وہ اس ایونٹ کے بعد کپتانی سے دست بردار ہونے کا اعلان پہلے ہی کرچکے ہیں لیکن بھارتی ذرائع ابلاغ اُن کے ایک ایک عمل پر چھبتے ہوئے سوال اٹھائے گا۔
نیوزی لینڈ نے 8وکٹوں سے ہرا بھارتی بالنگ لائن اپ کو بھی ’ایکسپوز‘ کیا۔ وہیں آئی سی سی ایونٹس میں ہونے والے مقابلوں میں بھارت کے مقابلے میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی برقرار رکھا۔ اور ہاں فیلڈ ایمپائر رچرڈ کیٹل بورگ ہی تھے۔ جن کی موجودگی میں بھارتی ٹیم 2014سے آئی سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے ہر بڑے ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ہار سے دوچار ہوتا ہے۔
اسی بارے میں مزید پڑھنے کے لیے کلک کریں:
بھارتی، کیوی ٹیم سے زیادہ ایمپائر رچرڈ کیٹل بورگ سے کیوں خوف زدہ؟
Discussion about this post