ممبئی جہاں اعجاز پٹیل نے آنکھ کھولی، وہاں آج اعجاز پٹیل کی اسپن بالنگ کے جال میں اُن کے ہی ہم وطن پھنستے چلے گئے۔ فرق صرف یہ تھا کہ اعجاز پٹیل بھارت کی جانب سے نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کی طرف سے بالنگ کرارہے تھے۔ جنہوں نے 22سال کے بعد ایک ہی اننگ میں پوری کی پوری ٹیم کو تن تنہا آؤٹ کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔
اس سے قبل بھارت کے ہی انیل کمبلے نے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میں پاکستان کے خلاف 10کھلاڑیوں کو ایک ہی اننگ میں شکار کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔انیل کمبلے سے پہلے یہ اعزاز انگلینڈ کے آف اسپنر جم لیکر کے پاس تھا، جنہوں نے 1956میں آسٹریلیا کی 10وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یوں جم لیکر اور انیل کمبلے کے بعد اعجاز پٹیل کسی ایک اننگ میں 10کھلاڑیوں کو دبوچنے والے تیسرے بالر بن گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک یہ کارنامہ کسی فاسٹ بالر نے نہیں بلکہ اسپنرز نے ہی انجام دیا۔ انہوں نے 47.5 اوورز میں 119 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔
اعجاز پٹیل کی اس تباہ کن بالنگ کے سامنے بھارتی بلے باز بے بس اور لاچار نظر آئے۔ اعجاز پٹیل بھارتی ٹیم اور تماشائیوں کے لیے دیکھا جائے تو خوف ناک خواب بن گئے ہیں۔ کیونکہ گزشتہ میچ جو کان پور میں کھیلا گیا تھا اور میزبان ٹیم یقینی جیت کے در پر کھڑی تھی، یہ اعجاز پٹیل ہی تھے، جنہوں نے راچن رویندر کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کسی صورت بھارتی ٹیم کو نہیں دی اور یوں یہ میچ برابر پر ختم ہوا۔ اب ممبئی کے ٹیسٹ میچ میں اعجاز پٹیل نے اپنی بالنگ سے بھارتی ٹیم کا جلوس نکال دیا ہے۔ جبھی سوشل میڈیا پر ہرجانب اُن کی واہ واہ ہورہی ہے۔
اعجاز پٹیل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے کلک کریں:
Discussion about this post