بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کو کسی نامعلوم شخص کی جانب سے قتل کی دھمکی میں مبنی ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا کہ 20 کلوگرام آر ڈی ایکس، اور پورے ملک میں سلیپر سیلز کے ساتھ بھارتی وزیراعظم کے قتل کا منصوبہ تیار ہے۔ ای میل بھیجنے والے شخص نے مزید کہا ہے کہ اس کا کئی خطرناک دہشت گردوں سے رابطہ ہے جو چند منٹوں میں ہزاروں لوگوں کی جان لے سکتے ہیں۔ ای میل کرنے والے نے یہ بھی لکھا کہ وہ خودکشی کرنے جا رہا ہے تاکہ اس سازش کو بے نقاب نہ کیا جا سکے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکی آمیز ای میل قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو موصول ہوئی جس کے بعد بھارت بھر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی پی ایم مودی کو دھمکی آمیز میل موصول ہوچکی ہیں، 2018 میں پونا پولیس کو لکھے گئے خط میں وزیر اعظم مودی کو ‘راجیو گاندھی طرز’ سے قتل کرنے کی سازش کا انکشاف ہوا تھا۔
Discussion about this post