بھارت کے شہر بھوپال کے اسپتال میں آگ لگنے سے 4 نومولود بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ کئی معصوم جانیں شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے، یہ افسوسناک واقعہ بھوپال میں واقع کملا نہرو اسپتال کی تیسری منزل میں پیش آیا جہاں آگ اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اطلاعات ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جس نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ بھوپال کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے لیے 4 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے، وزیراعلیٰ کے مطابق واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تحقیقات ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم محمد سلیمان کریں گے۔ رواں ماہ کے دوران بھارت کے اسپتال میں آتشزدگی کا یہ دوسرا حادثہ ہے اس سے قبل ریاست مہاراشٹرا میں ایک ہسپتال کے کوروناوارڈ میں آگ لگنے سے کورونا وائرس کے 11مریض ہلاک ہوئے تھے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ بھارت کی مغربی ریاست میں ہسپتال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کورونا وائرس کے 11مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔
Discussion about this post