غریب اور ضرورت مند افراد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار اور وسیع کردیا گیا ہے، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے نکالے جانے والی خواتین شدید پریشانی سے دوچار تھیں لیکن اب ان کی مشکل دور ہوگئی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ایسی تمام خواتین جن کو نکال دیا گیا تھا۔ اب انہیں اپیل کا حق دیا جا رہا ہے۔ یہ وہ افراد ہیں جو بیرون ملک سفر کرچکے ہیں یا پھر ان کے ماہانہ موبائل کا بل ہزار روپے سے زیادہ ہوتا ہے۔ ماضی میں ان افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خارج کردیا گیا تھا، ایسے تمام افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ 8171 پر ایس ایم ایس کرکے اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں لگ بھگ 8 لاکھ افراد کو دوبارہ اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں خوش خبری سنائی تھی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل خواتین کو مزید 2 ہزار روپے کا وظیفہ دیا جائے گا، بی آئی ایس پی میں جو غریب اورمستحق افراد شامل نہیں ہیں،وہ بھی اب خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 28 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں، اس رقم کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی رکھا جائے گا۔ اس رقم سے ایک کروڑ 40 لاکھ غریب ترین گھرانوں کو ماہانہ دو، دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔
جس سے کُل ساڑھے آٹھ کروڑ افراد کو فائدہ ہو گا جو ملکی آبادی کا ایک تہائی بنتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نئے اقدامات پر ضرورت مند اور غریب طبقے نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
Discussion about this post