دن کا آغاز اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔جس کے بعد افواج پاکستان کی طرف سے اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ چھوٹے بڑے سبھی شہروں اور گاؤں دیہات میں جلسے، جلوس اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور محافل نعت کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں علما کرام سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کررہے ہیں۔ رات گئے سے مختلف گھروں، دفاتر، مساجد اور بازاروں کو برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجا دیا گیا تھا۔
فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں ہیں۔ رنگ و نور کے ایسے مناظر ہیں جو رات میں دن کا منظر پیش کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی نجی رہائش گاہ بنی گالا کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔پاکستان کا ہر شہر ایک خوش کن منظر پیش کررہا ہے۔ آرائشی اورزیبائشی اشیا سے سجے یہ شہر ہر ایک کی توجہ حاصل کررہے ہیں۔
تمام تقاریب میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ کورونا وبا کی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے۔ اسی طرح جلوس کے لیے سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلان بھی مرتب کیے گئے ہیں۔ ایوان صدر اسلام آباد میں قومی رحمتہ اللعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ سے اٹھنے والے انقلاب نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔
The beautiful capital city of Pakistan lights up ahead of Eid Miladun Nabi(PBUH).#عشرہِ_رحمت_العالمینﷺ pic.twitter.com/KsN9Grhy9B
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) October 17, 2021
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے عید میلادالنبی ﷺ کے پیغام میں کہا کہ ربیع الاول وہ مہینہ ہے، جس میں خالق کائنات نے بنی نوع انسان کی دنیاوی اور آخری کامیابی کے لیے حضرت محمد ﷺ کو مشعل راہ بنا کر بھیجا۔ یاد رہے کہ رواں سال وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر 3سے 12 ربیع الاول تک مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی سطح پر عشرہ رحمت للعالمین ﷺ منایا جارہا ہے۔ جبکہ حکومت نے غیر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کی سزاؤں میں 3ماہ کی کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔
Discussion about this post