سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور وی لاگر لبنی فریاد کے درمیان دو سال قبل ہونے والی لفظی جنگ کے بارے میں تصور کیا جارہا تھا کہ شاید یہ تنقید برائے تنقید کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے لیکن حال ہی میں بشریٰ انصاری کی ایک وائرل ویڈیو کلپ نے اس جلتی آگ میں تیل ڈالنے کا کام کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس وقت ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے دیئےگئے نئے انٹرویو کی مختصر سی ویڈیو وائرل ہے۔ اس ویڈیو میں بشریٰ انصاری کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری اور حالیہ دور میں اداکاروں کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ بشریٰ انصاری کہتی ہیں کہ ’اب ماشاءاللّٰہ سے ایسے ڈرامہ تجزیہ نگار بھی آگئے ہیں، جو حلیم پکاتے پکاتے ہم پر تنقید بھی کرلیتے ہیں، اُن کی مرضی ہے ہمیں وہ جو مرضی کہہ لیں۔’
View this post on Instagram
ویڈیو کلپ کے مطابق بشریٰ انصاری نے یہ بات بظاہر مذاق کے طور پر کی لیکن ان کے لفظی تیر کس جانب تھے سوشل میڈیا واریئرز نے اسے جلد ہی بھانپ لیا۔ دوسری طرف معروف وی لاگر لبنیٰ فریاد المعروف اماں نے بھی بشریٰ انصاری کے اشارے سمجھتے ہوئے اپنا ردعمل دیا، لبنی فریاد نے انسٹاگرام اسٹوری پر ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ‘بشریٰ جی، ڈراما دیکھتی بھی حلیم پکانے والی ہیں’۔
دونوں شخصیت کے درمیان جاری اس بحث کو چلتا دیکھ کر انسٹاگرام صارفین بھی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔ ایک صارف نے بشریٰ انصاری کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مت بھولیں اس مقام پر بھی آپ انہی تنقید کرنے والوں نے پہنچایا ہے۔
تنقیدی نشتروں کے درمیان بعض صارفین نے لبنی فریاد پر بھی طنز کیے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ آخرکار اماں کو بھی کسی نے کچھ کہا جو ہمیشہ دوسروں پر تنقید کرتی ہیں۔
بشریٰ بمقابلہ اماں جی
بشریٰ انصاری اور لبنی فریاد کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز سال 2020 میں ہوا جب لبنی فریاد نے ڈراما ” زیبائش ” کی کاسٹ اور اداکاروں کی اوور ایکٹنگ پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر پاکستانی ڈراموں کے کرداروں پر بےجا تنقید کرنے والوں کی کلاس لیتے ہوئے انہیں زندگی میں ’کورونا‘ قرار دیا تھا اور ان کے مخصوص لب و لہجے پر تنقید کرتے ہوئے انہیں جاہل بھی پکارا تھا۔
بعدازاں بشریٰ انصاری نے لبنی فریاد پر کی جانے والی تنقید پر وضاحت دی تھی اور ان سے معافی بھی مانگی تھی۔
Discussion about this post