دبئی میں پیش آنے والے اس واقعے میں خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وجہ صرف یہ تھی کہ اُس نے شوہر سے رات دیر تک فون استعمال کرنے پر اعتراض کیا اور دریافت کیا کہ وہ کس سے بات کررہا ہے۔ جس پر شوہر نے بیوی کو گلا کاٹنے کی دھمکی دیتے ہوئے بری طرح مارا پیٹا۔ ’گلف نیوز‘ کے مطابق بیوی نے اس سارے واقعے کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی، جس نے متعلقہ فرد کو گرفتار کرلیا۔
خاتون کے طبی معائنے کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی کہ اُسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دبئی کی عدالت نے ایک سال قید کی سزا سنائی۔ جسے بعد میں دبئی کورٹ آف اپیل نے ایک ماہ کی کردیا۔ اخبار کے مطابق جوڑے کی شادی اگست 2020میں ہوئی اور خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر اُس وقت سے اس کا جسمانی استحصال کرتا آرہا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ اس قدر ڈری سہمی تھی کہ پولیس کو اطلاع نہ کرسکی لیکن جب تشدد حد سے زیادہ بڑھ گیا اور اُس کے اس اعتراض پر کہ وہ دیر رات گئے تک موبائل فون پر کس سے بات کرتا ہے تو شوہر اس قدر اشتعال میں آیا کہ اسے خوف ناک حد تک مارا پیٹا جس کے نتیجے میں خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا۔ دوسری جانب شوہر نے بیوی کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو رد کردیا ہے۔
Discussion about this post