صرف چند دنوں کا انتظار ہے جس کے بعد یکم اکتوبر سے دبئی کی ہی نہیں دنیا بھر کی سب سے بڑی نمائش ’دبئی ایکسپو 2020‘ کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ اس بڑی نمائش کو ہونا تو تھا پچھلے برس لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اسے رواں سال منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا۔ 6ماہ تک جاری رہنے والے اس رنگا رنگ میلے کا اختتام 31مارچ 2022کو ہونے جارہا ہے۔ اب اسی مناسبت سے انگریزی اور عربی زبان میں ’دبئی ایکسپو 2020‘ کا آفیشل گیت جاری کردیا گیا ہے۔ جسے نمائش کے ایمسبڈر اماراتی گلوکار حسین الجاسمی نے گنگنایا ہے۔ جبکہ ان کے ساتھ لبنانی نژاد امریکی گلوکارہ مایسا کارا ہیں۔ دبئی ایکسپو کے گیت کو ’دز از آور ٹائم‘ یعنی یہ ہمارا وقت ہے کا نام دیا گیا ہے۔ جس میں محبت، یکجہتی اور نئے عزم کا پیغاملتا ہے۔
امریکی گلوکارہ مایسا کارا کا کہنا ہے کہ نمائش کے آفیشل گانے کو گانا، اُن کے لیے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں کیونکہ اس گیت میں انہوں نے دل کی گہرائیوں سے جہاں دبئی والوں کی محبت اور خلوص کو بیان کیا ہے، وہیں اس بات پر فخر محسوس کرتی ہیں کہ ڈیڑہ سو سے زائد ممالک کی اس نمائش کا وہ حصہ بننے جارہی ہیں۔ اس گیت کے ذریعے ہر طبقہ اور ہر عمر کی ترجمانی کی جارہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مدھر اور رسیلے گیت کی کاوش میں 21برس کی اماراتی گلوکار اور نغمہ نگار الماس بھی پیش پیش ہیں۔ جو متحدہ عرب امارات کا گلوکاری میں بڑا نام تصور کی جاتی ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر خاصی مسرور ہیں کہ وہ اُس گیت کا حصہ بنیں، جو ان کے ملک کی ثقافت اور شناخت کو دنیا بھر میں اجاگر کرے گا۔ سوشل میڈیا پر ’دبئی ایکسپو 2020‘ کا ویڈیو گیت صارفین میں خاصی پذیرائی کرتا جارہا ہے۔
Discussion about this post