کوئی 250 میٹرز بلند جس کی سواری کرتے ہوئے آسمان کو چھونے کو دل خود بخود چاہے۔
جو جب گھومے جب چکر لگائے تو لگے سب ہی جھوم رہے ہیں جس کی سواری کرنا واقعی دل گردے کا کام ہوگا۔ اب دنیا کا یہی سب سے بڑا جھولہ 21 اکتوبر کو دبئی کی سیر کرنے والوں کے لیے باقاعدہ کھولا جارہا ہے جو اس کا لطف اٹھاتے ہوئے دبئی کی بلند و بالا عمارتوں اور سمندر کو دیکھ سکیں گے۔ جھولے کا آزمائشی افتتاح عین دبئی میں کردیا گیا ہے۔
جھولتے ہوئے ویل کی خاص بات
اس تفریح کو بلیو واٹر آئی لینڈ میں پیش کیا گیا ہے جس کے منصوبے پر سال 2013 میں کام کا آغاز ہوا۔ اس منصوبے کے لیے 6 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی گئی۔ جب کہ 9 ہزار ٹن اسٹیل استعمال ہوا جو کہ ایفل ٹاور کی تعمیر میں استعمال ہونے والے اسٹیل کے برابر ہے ۔ 48 کیسپول ہیں جس کے ہر کیسپول میں دس سے بارہ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ جبکہ اس کا ایک چکر 38 منٹ کا ہوگا۔
ہر کیپسول میں بڑی سی ایل ای ڈی اسکرین نصب ہے جس پر آس پاس کے مناظر کو سوار دیکھ سکیں گے ۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس جھولے کی سواری کو اُن مہمانوں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے کہ جو شادی بیاہ یا پھر کسی اور تقریب کے لیے اسے بُک کرانا چاہیں۔
سواری کا ٹکٹ
اس چکر کھاتے بڑے سے جھولے کا ٹکٹ بڑوں کے لیے 130 درہم جب کہ 3 سے 12 سال کے بچوں کے لیے 100 درہم رکھا گیا ہے اور اس کے لیے بکنگ عین دبئی کی متعلقہ ویب سائٹ سے کرائی جاسکتی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ برتھ ڈے پارٹی، منگنی، شادی یا پھر کسی اور خاندانی تقریبات کے لیے بکنگ کراتے ہوئے ٹکٹس میں رعایت بھی دی جاسکتی ہے۔
Discussion about this post