ایسا ممکن ہے کہ فلموں میں ہی دکھایا جاتا ہو کہ کوئی اہلکار، کسی خاتون یا مرد مجرم کے عشق کا اسیر ہو جائے لیکن روس میں اس فلمی کہانی کو حقیقت کا روپ ملا اور روسی تفتیش کار حسینہ ایسا دل ہاری کہ تحفے میں اُس مجرم کو اپنی گاڑی تک دے دی، جس سے پوچھ گچھ کر رہی تھی۔ شاید اُس کے دل کی یہ چوری کبھی منظر عام پر نہ آتی لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
محبت کی یہ کہانی کب شروع ہوئی
ما دینا شیکونوا 24 برس کی حکومتی تفتیش کار دوشیزہ ہیں۔ جن کے ذمے یہ کام لگایا گیا تھا کہ وہ 22 برس کے میخائل سربن سے یہ پتا لگائیں کہ انہوں نے ایک صاحب کے بینک اکاؤنٹ سے فراڈ کرکے کس طرح خطیر رقم اڑائی۔ مادینا کے پاس یہ کیس 2سال پہلے آیا تھا، تاہم وہ اصل معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کے بجائے اپنا دل ہی مجرم کے حوالے کر بیٹھیں۔
ضمانت پر رہائی پانے والے میخائل سربن سے میل ملاقاتیں بڑھنے لگیں۔ دونوں پیار کی وادی میں ڈوبے رہے اور تفتیش کار حسینہ اصل کیس سے ہٹ کر بس مجرم کو اپنے پیار کی عدالت میں بار بار کھڑا کرنے لگیں۔ادھر میخائل اپنی ہیروئن کو چکمہ دے کر ملک سے فرار کے منصوبے بنارہا تھا لیکن عدالتی حکم پر اسے بیرون ملک سفر کی بندش کا سامنا کرنا تھا۔ جبھی اُس نے روپوش ہونے میں عافیت جانی۔
کہانی میں ڈرامائی موڑ
اب اس جوڑے کو کیا پتا تھا کہ اس کیس کی فائل جب شہر اومسک کے نوجوان پولیس افسر کے سامنے آئے تو معاملہ کوئی اور ہی رخ لے گا اور یہ ہی ہوا۔ تفتیش دوسرے افسر کو منتقل ہوتے ہی کیس میں گڑبڑ شروع ہوگئی۔ نئے افسر نے ازسر نو اس کیس کی تفتیش کرتے ہوئے مجرم کی تلاش شروع کی۔ تو بہت جلد اُسے اُس وقت گرفت میں لے لیا گیا، جب وہ گاڑی میں اپنی محبوبہ کے گھر کی جانب سفر طے کر رہا تھا۔ پولیس نے پوچھ گچھ کی تو پتا چلا کہ جس گاڑی میں سفر کررہا تھا، وہ مادینا شیکونوا نے تحفے میں دی تھی۔ مجرم نے تسلیم بھی کیا کہ وہ اور تفتیش کار دوشیزہ پیار کرتے ہیں۔ جس پر دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
اب اگر مادینا پر الزامات ثابت ہوئے تو انہیں نوکری سے محروم ہونا پڑے گا۔ جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے اعلیٰ افسر بھی سز ا سے بچ نہیں پائیں گے، کیونکہ 2 سال کے دوران وہ یہ معاملہ ہی جانچ نہ سکے ان کی اہلکار، مجرم کی محبت میں دیوانی ہورہی ہے۔
Discussion about this post