بھارتی شہر ڈیرہ دون کی کورٹ میں اپنی نوعیت کے منفرد اور اچھوتے مقدمے کی سماعت ہونے جارہی ہے۔ بوڑھےوالدین نے بہو اور بیٹے کے خلاف کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جس میں ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ان کا بیٹا سال بھر میں انہیں پوتے یا پوتی کی خوش خبری نہیں سناتا تو 5 کروڑ روپے اسے جرمانے کے بھرنے ہوں گے۔ عمر رسیدہ والدین سنجیو اور ان کی شریک سفر سدھانا پرشاد کے مطابق تمام تر جمع پونجی بیٹے کی تعلیم پر خرچ ہوچکی ہے۔ یہاں تک کہ قرض لے کر بھی بیٹے کی شادی کرائی۔امریکا سے پائلٹ کا کورس کرایا۔شادی پر رقم پانی کی طرح بہائی۔
بوڑھے والدین کا کہنا ہے کہ تمام تر اخراجات کا تخمینہ کروڑوں روپے میں بنتا ہے۔درخواست میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ کس طرح انہوں نے مختلف مد میں رقم کا استعمال کیا۔ جیسے بیٹے کی فائیو اسٹار ہوٹل میں شادی کرائی۔ 80 ہزار ڈالرز کی عالی شان گاڑی خرید کر دی۔ بہو اور بیٹے کو ہنی مون کے لیے بیرون ملک بھیجا لیکن 6 سال ہونے کو آئے ابھی تک ان کے گھر میں کوئی پھول نہیں کھلا۔ بہو اور بیٹے اس جانب سوچ ہی نہیں رہے۔ عمر رسیدہ جوڑے کا موقف ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا کوئی پوتا یا پوتی ہوتاکہ وہ اس کے ساتھ وقت کاٹ سکیں اور اپنی احساس محرومی کو دور کریں۔ مالی مشکلات کے باوجود بیٹے کی ہر خواہش پوری کی۔ کیا بیٹا ان کی پوتا یا پوتی کی خواہش کو پورا نہیں کرسکتا۔ اگر ایسا ہی ہے تو وہ 5 کروڑ روپے بطور جرمانے کے ادا کرے۔ ڈیرہ دون کا سیشن کورٹ اب اس دلچسپ مقدمے کی سماعت منگل کو کرے گا۔
Discussion about this post