محکمہ موسمیات کا اپریل 2022 کا موسمیاتی جائزہ جاری ہوگیا۔ ملک میں اپریل میں نئے موسمی ریکارڈز بنائے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل ملکی تاریخ کا دوسرا خشک ترین مہینہ ثابت ہوا۔ اس ماہ میں گرم ترین دن کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ اپریل میں ملک کا درجہ حرارت اوسط 4 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہا۔ ملک میں معمول سے 74 فی صد کم بارشیں ہوئی ہیں۔ پنجاب میں معمول سے 89 فی صد کم بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے آثار ہیں۔ دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 09 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خظرہ درپیش ہے۔
زیادہ درجہ حرارت کے باعث انرجی کی کھپت بڑھ جائے گی۔ اگلے ہفتے کے دوران زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام سے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر سخت احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
Discussion about this post