بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا نے یہ ہتک عزت کا نوٹس شرلین چوپڑہ کو روانہ کرنے کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ بی گریڈ فلموں کی اداکارہ نے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے شلپا اور راج پر بے بنیاد اور جھوٹے الزام بغیر کسی ثبوت کے لگائے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اگر یہ الزام 7دن کے اندر شرلین چوپڑہ ثابت نہ کرسکیں تو 50کروڑ روپے ہرجانے کے طور پر ادا کریں۔16صفحات کے اس نوٹس کے مطابق شرلین چوپڑہ نے من گھڑت الزام لگا کر شلپا اور راج کندرا کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
یاد رہے کہ شرلین چوپڑہ نے اس سلسلے میں ممبئی پولیس میں بھی ایک شکایت درج کرائی تھی۔ نوٹس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ شرلین چوپڑہ نے اپریل میں شلپاشیٹی کو آگاہ کیا تھا کہ اُن کی شکایت جعلی ہے اور یہ سب کچھ انہوں نے وکیل کے کہنے پر کیا، جس کا مطالبہ تھا کہ راج کندرا کے خلاف فوجداری شکایت درج کرائی جائے۔ شرلین نے باقاعدہ فون کرکے شلپا شیٹی سے اس شکایت پر معذرت بھی کی اور غیر مشروط طور پر اسے واپس لینے کی پیش کش بھی کی لیکن ساتھ ہی 4اکتوبر کو وکیل کے ذریعے 48لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔ نوٹس کے مطابق راج کندرا اور شلپا شیٹی مناسب قوانین کے تحت فوجداری کارروائی شروع کرنے اور سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے سامنے شکایت درج کرانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
شرلین چوپڑہ کے الزامات کیا تھے؟
اداکارہ نے راج کندر اور شلپا شیٹی پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔ ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ راج کندرا نے ان کے ساتھ زبردستی کی اور دھوکہ بھی دیا۔شرلین چوپڑہ کے مطابق وہ راج کندرا کی موبائل اپلی کیشن سے منسلک تھیں جہاں مختلف افراد، وقت گزار ی کے لیے گفتگو کرتے رہتے ہیں۔ جبکہ شرلین چوپڑہ نے راج کندرا کے قابل اعتراض ویڈیو فلمز کے حوالے سے ممبئی کی کرائم برانچ کو اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا تھا۔ جس میں انہوں نے راج کندرا کے فحش فلموں کی عکس بندی میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس وقت راج کندرا اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں۔
Discussion about this post