برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ ہیری نے دادی کو فون کرکے اپنی اس آرزو کو بیان کیا ہے کہ وہ ملکہ الزبتھ دوئم کے تخت نشینی کی پلاٹنیم جوبلی کی تاریخی تقریبات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔ شہزادہ ہیری نے پہلے ہی واضح کردیا کہ اُن کے ساتھ شریک سفر میگان مرکل نہیں آئیں گی۔ بلکہ وہ تنہا ہی ان تقریبات میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ جو 4روز تک جاری رہیں گی۔ جس میں ولی عہد شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی شرکت کریں گی۔ اس موقع پر لندن میں پریڈ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ جس کا اختتام بکنگھم پیلس پر ہوگا۔عوام کی بڑی تعداد ان تقریبات میں شرکت کے لیے پورے برطانیہ سے آئے گی۔
بہرحال شہزادہ ہیری کو انتظار ہے کہ اُن سے روٹھی ہوئیں دادی اور ملکہ برطانیہ انہیں ان تقریبات کا حصہ بناتی ہیں کہ نہیں۔ کیونکہ شاہی خاندان اس بات پر سخت غصے میں ہے کہ شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگان مرکل نے مختلف انٹرویوز میں شاہی خاندان پر سنگین الزامات لگائے تھے۔ اس سے قبل ہیری اور میگان اپنی شاہی ذمے داریاں ترک کرکے برطانیہ سے امریکا منتقل ہوچکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملکہ الزبتھ نے چند روز قبل ہیری اور میگان مرکل کو نظر انداز کرتے ہوئے کرسمس کے پیغام بھی جاری کیا تھا۔
Discussion about this post