گزشتہ برس جب ہدایتکار پبلو لارین نے برطانوی شہزادی ڈیانا کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا تو شاہی خاندان کو تشویش ضرور ہوئی تھی۔ خدشات یہ تھے کہ ایسے میں جب میگن مرکل شاہی خاندان کی پول پٹیاں کھولنے پر لگی ہوئی ہیں، کہیں یہ فلم ان کی ساکھ کو اور زیادہ نقصان نہ پہنچائے لیکن ہدایتکار پبلو لارین کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم ’اسپنسر‘ کا موضوع شاہی خاندان نہیں بلکہ ڈیانا کی شخصیت اور پھر ان کی زندگی میں آنے والے ازدواجی بحرانوں پر رکھا ہے ۔ فلم کے اعلان کے ساتھ ہی سب سے بڑی کامیابی ہدایتکار کو یہ ملی کہ ڈسٹری بیوٹر ’نیوئن‘ نے اس کے حقوق فوری طور پر 40لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کرکے اپنے نام کرلیے، جس کے تحت اب اس فلم کو دنیا بھر میں ’نیوئن‘ کے تحت جاری کیا جائے گا۔ جمعرات کو جب فلم ’اسپنسر‘ کا ٹریلر منظرعام پر لایا گیا تو چند ہی منٹوں میں اس کا دیدار کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی تھی۔
کرسٹین اسٹیورٹ بطور شہزادی ڈیانا
ہدایتکار پبلو لارین کا کہنا تھا کہ ڈیانا کے کردار کو کون ادا کرے گا، یہ ان کے لیے سب سے مشکل آزمائش تھی، کئی اداکاراؤں کے نام ذہن میں گردش کررہے تھے لیکن پھر انہوں نے کرسٹین اسٹیورٹ کا انتخاب کیا، کیونکہ جو معصومانہ انداز انہیں درکار تھا، اسے ادا کرنے کے لیے کرسٹین اسٹیورٹ سے بہتر کوئی اور اداکارہ نہیں ہوسکتی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب سے ’اسپنسر‘ کا ٹریلر جاری ہوا ہے، بیشتر تجزیہ کاروں اور صارفین اس بات پر متفق تھے کہ ڈیانا کا کردار ادا کرتے ہوئے لگ ہی نہیں کہ یہ کرسٹین اسٹیورٹ ہیں۔ ادھر خود کرسٹین اسٹیورٹ کا کہنا ہے کہ جب ڈیانا زندگی کی بازی ہاری تھیں، اُس وقت وہ بہت چھوٹی تھیں لیکن اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے جہاں انہوں نے ڈیانا کی مختلف ویڈیوز کا سہارا لیا، وہیں ان کے قریبی حلقے سے یہ بھی جانا کہ اگر وہ غم زدہ ہوتی تھیں تو کس طرح چہرے کے تاثرات ہوتے، خوشی میں ان کا کیا حال ہوتا، یہ تمام نقطے ذہن نشین کرنے کے بعد وہ اس کردار کو کسی حد تک بہتر کرپائیں۔
تنازعات سے بچانے کے لیے ملکہ کا کردارہی نہیں؟
ایک عام خیال یہ ہے کہ فلم کو ممکنا طور پر کسی تنازعے سے بچانے کے لیے ہدایتکار نے کمال ہوشیاری سے ملکہ الزبتھ کے کردار کو غائب کیا ہے۔ فلم کا اصل موضوع یہ ہے کہ کس طرح ایک عام گھرانے کی لڑکی، برطانوی شہزادے کے دل کی رانی بنی اور پھر دونوں میں اختلافات نے جنم لینا شروع کیا تو احساس محرومی کا شکار شہزادی کن مسائل سے دوچار ہوئی۔
فلم کب آئے گی؟
برطانوی شہزادی کی افسانوی داستان کو 3ستمبر کو وینس فلمی میلے میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد ٹورنٹو فلمی میلے کے مہمان بھی اس کا دیدار کر سکیں گے، جبکہ امریکا میں اس فلم کا رنگا رنگ پریمیئر ہونے کے بعد اسے 5 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
Discussion about this post