مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں نعرےاور ہلڑ بازی کے معاملے پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے اور رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار کرلیا۔ شیخ راشد شفیق عمرہ ادا کرکے اسلام آباد پہنچے تھے۔ جنہیں ایف آئی اے کی سیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اُن کے خلاف فیصل آباد میں محمد نعیم کی مدعیت میں تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عمران خان، فواد چوہدری، شہباز گِل، انیل مسرت، نبیل مسرت، جہانگیر چیکو، رانا عبدالستار، عامر الیاس بھی نامزد ہیں۔ مقدمہ 15 معلوم اور 100 سے 150 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں توہینِ مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں جن کے نتیجے میں ملزمان کو عمر قید ہو سکتی ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں پاکستانی زائرین کو ہراساں کر کے شعائرِ اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا۔ یہ سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوا۔ یاد رہے کہ شیخ راشد شفیق کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ حکومتی وفد کے خلاف نعرے لگانے والوں کی حمایت کررہے تھے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور رہنماؤں کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔
Discussion about this post