بھارتی آل راؤنڈر کپل دیو کی 1983کے عالمی کپ کی جیت کے گرد گھومتی فلم ’83‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ جس میں رنویر سنگھ کپل دیو کے کردار میں ہیں جبکہ دپیکا پدوکون، رومی بھاٹیہ یعنی کپل دیو کی شریک سفر کے روپ میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔
فلم کے ٹریلر کے ذریعے ہدایتکار کبیر خان نے حالیہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ناکامی کا داغ دھونے کے لیے جذبات اور ڈرامے کا بھرپور سہارہ لیا ہے۔ بہرحال اس سے قطع نظر ’83‘ کو 24دسمبر کو ریلیز کیا جارہا ہے جبکہ اسے صرف ہندی میں ہی نہیں بھارت کی علاقائی زبانوں میں بھی منتقل کرکے یہ باور کرانے کی کوشش کی جائے گی کہ کپل دیو ایک عظیم کپتان تھے۔
فلم میں کچھ دلچسپی کا پہلو یہ بھی ہے اس میں بھارتی اور ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑیوں کے بیٹے بھی اداکاری کے جلوے دکھانے جارہے ہیں۔ سندیپ پاٹیل جو عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔ ان کے بیٹے چراغ پاٹیل ’83‘ میں والد کا کردار نبھا رہے ہیں۔
چونکہ بھارت کا فائنل میں ٹاکرا ویسٹ انڈیز سے ہوا تھا۔ اسی لیے زیادہ تر کہانی اسی میچ کے پس منظر میں بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلم میں ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے لیے سیاہ فام اداکار نظر آئیں گے لیکن یہ زیادہ تر سابق ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے بیٹے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق جارحانہ اوپنر گولڈن گرینج کے بیٹے کارل گرینج کو والد کے کردار کے لیے چنا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کارل ویسے تو فاسٹ بالر ہیں لیکن فلم میں والد کی وجہ سے بلے باز بنے ہوئے ہیں۔
آنجہانی ویسٹ انڈین فاسٹ بالر میلکم مارشل کے بیٹے مالی مارشل بھی والدکے روپ میں نظر آئیں گے۔
کلائیو لائیڈ کے بیٹے جیسن لائیڈ فلم ’83‘ میں والد کے کردار کے بجائے فاسٹ بالر جوئیل گارنر بنے ہیں۔ اُنہیں اس کردار کے لیے ان کے لمبے قد کی وجہ سے منتخب کیا گیا کیونکہ جوئیل گارنر اپنے دراز قد کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔جیسن لائیڈ برطانیہ کے مختلف فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں اور پہلی بار اپنے والد کی طرح کرکٹربننے جارہے ہیں۔
ایک اور ویسٹ انڈین سابق بلے باز شیو نرائن چندر پال کے بیٹے ٹیگرنرائن، لیری گومز بنے ہیں۔ٹیگر نرائن بھی والد اور لیری گومز کی طرح بائیں ہاتھ سے کھیلتے ہیں۔ یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ دونوں باپ بیٹے جمیکا کے خلاف گیانا کے لیے ایک ساتھ کھیل چکے ہیں۔
Discussion about this post