امریکی نیوز سائٹ ’دی ورج‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ اگلے ہفتے اپنا نام تبدیل کرنے پر غور کررہا ہے۔ مقصد صرف یہ ہے کہ ورچوئیل دنیا میں ایک نیا تخلیقی اضافہ ہو۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 28اکتوبر کو کمپنی کی سالانہ کنیکٹ کانفرنس میں ’فیس بک‘ کے نام کی تبدیلی کا اعلان کرسکتے ہیں۔ نئی برانڈنگ ممکنا طور پر فیس بک ایپ کو ایک ’مدر کمپنی‘ کا روپ دے گی، جس کے تحت انسٹا گرام، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اپلی کیشنز کی نگرانی کی جائے گی۔ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب کمپنی کو امریکی حکام کی جانب سے کاروباری طریقوں پر مزید جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امریکی ایوانوں میں بیٹھی پوزیشن اور اپوزیشن جماعتیں بھی فیس بک پر برس رہی ہیں۔ فیس بک کئی تنازعات کی زد میں ہے اور اسے معاشرتی بگاڑ اور تفریق کا ذمے دار بھی ٹھہرایا جارہا ہے۔
ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نئے نام کے ساتھ ’فیس بک‘ ورچوئیل ماحول میں صارفین کو زیادہ سہولیات دینے کے ساتھ ساتھ سیکوریٹی کے نئے فیچرز بھی متعارف کرائے گا۔ یاد رہے کہ منگل کو فیس بک نے اس بات کا بھی اعلان کیا تھا کہ اگلے 5برس کے دوران وہ یورپ میں 10ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع دے گا، جس کا مقصد ورچوئیل رئلٹی ورلڈ میں کام کرنے میں مدد ملے۔ فیس بک نے فی الحال اس رپورٹ کی تصدیق یا تردید کرنے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
Discussion about this post