ایک عالم لتا منگیشکر کے ہر گیت کا دیوانہ ہےاور بھلا کونسا ایسا گانا نہ ہوگا، جو ان کے پرستاروں میں دلوں میں گھر کیا ہوا ہو۔ ایسے میں یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ خود لتا منگیشکر کو اپنا کون سا گیت سب سے زیادہ پسند تھا۔ اس سلسلے میں مشہور براڈ کاسٹر اور لتا پر کئی کتابیں لکھنے والے ہریش بھیمانی کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے یہ سوال جب ایک انٹرویو میں لتا کے سامنے رکھا تو وہ خود پریشانی میں مبتلا ہوگئیں۔ ہریش کے مطابق انہوں نے سب سے پہلے لتا سے کہا کہ وہ کوئی 5 گیت بتادیں۔
لتا کا کہنا تھا کہ وہ کسی گیت کی بھی کوئی درجہ بندی نہیں کرسکتیں۔ ہریش کے زور دینے پر جب بات ایک گیت پرآکر ٹھہری تو انہوں نے کہا مجھے اس فلم کا نام نہیں معلوم نہیں لیکن وہ موسیقار مدھن موہن کی تھی، جو زیادہ نہیں چلی لیکن اس فلم کا گیت ” بیرن نیند نہ آئے ” ۔ جس پر ہریش بھیمانی نے انہیں بتایا کہ یہ فلم ” چاچا زندہ آباد ” ہے۔ جو 1959 میں ریلیز ہوئی۔
جس کے بعد لتا منگیشکر نے ہریش بھیمانی سے پلٹ کردریافت کیا کہ وہ خود بتائیں کہ انہیں لتا کا کون سا گیت پسند ہے؟ ہریش بھیمانی کا کہنا تھا کہ اُن کے لیے یہ مشکل ہے۔ لتا منگیشکر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جب آپ کے لیے مشکل ہے تو آپ اندازہ لگائیں کہ میرے لیے کسی ایک گیت کا انتخاب کرنا کتنا دشوار ہوگا۔
Discussion about this post