جمعہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم روالپنڈی میں کرکٹ کی نئی جنگ کا آغاز کرنے والی ہیں۔ دونوں ٹیموں کی تیاری مکمل ہے ۔ پرجوش پاکستان 18 سال بعد مہمان ٹیم بننے والی نیوزی لینڈ کو زیر کرنے کے لیے داؤپیچ آزمائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا ۔مہمان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چمپئین شپ کی ونر اور درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں تو مہمان ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈےانٹرنیشنل سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی 18 سال بعد پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ ہم مہمان ٹیم کے خلاف ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے کوشش کریں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا وہ جانتے ہیں کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ میزبان ٹیم وائٹ بال کرکٹ میں کبھی بھی آسان حریف ثابت نہیں ہوتی، ان کے پاس محدود طرز کی کرکٹ کے بہت باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ سیریز میں کامیابی کے لیے ہمیں بہترین نتائج کی ضرورت ہے۔
سیریز میں کلین سوئپ کی صورت میں پاکستان کی ٹیم ایک درجہ ترقی کے ساتھ اس فہرست میں پانچویں اور نیوزی لینڈ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جاسکتا ہے مگر اس کے علاوہ سیریز کے نتائج کچھ بھی ہوں دونوں ٹیموں کی اس رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی کٹ بھی پیش کردی گئی۔ دونو ں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ اس دوران ایک میچ برابر جبکہ تین بے نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 11 فروری 1973 جبکہ آخری میچ 26 جون 2019 کو کھیلا گیا تھا۔
بارہ رکنی پاکستان اسکواڈ
بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور زاہد محمود
نیوزی لینڈ کرکٹ اسکواڈ
ٹام لیتھم (کپتان) (وکٹ کیپر)، فن ایلن، ہمیش بینیٹ، ٹام بلینڈل (وکٹ کیپر)، ڈگ بریسوسیل، کولن ڈی گرینڈہوم، جیکب ڈفی، میٹ ہنری، اسکاٹ کگلیجن، کول مکانچی، ہنری نکلس، آعجز پٹیل، رچن رویندرا، بلیر ٹکنر اور ول ینگ
Discussion about this post