نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال دسمبرتا جنوری میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آئے گی جہاں وہ 10 وائیٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کے بعد ان دوروں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔
دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔ دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا تھا کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ وہ ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بورڈز کے مضبوط تعلقات کی ضمانت اور اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اب پاکستان مارچ 2022 سے اپریل 2023 کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔
Discussion about this post