آریان خان، شاہ رخ خان کے بیٹے، جو اِن دنوں ضمانت کے لیے تڑپ رہے ہیں لیکن ممبئی کی خصوصی عدالت کسی صورت 23برس کے آریان کو ضمانت دینے پر تیار نہیں۔ دلیل یہ دی جارہی ہے کہ آریان کے پاس سے گو کہ منشیات نہیں برآمد ہوئی لیکن اُن کے دوستوں سے ہونے والی واٹس ایپ چیٹ اس جانب اشارہ کررہی ہے کہ وہ ناصرف منشیات رکھتے ہیں بلکہ استعمال کے عادی بھی ہیں۔ ضمانت کی درخواست رد ہونے کے بعد اب آریان خان کے وکیل 26اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت میں اس بات کے دلائل دیں گے کہ آریان خان کو کسی طرح ضمانت مل جائے۔ کیونکہ اُن کا کہنا ہے کہ محض واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر ضمانت نہ دینا سراسر زیادتی اور یکطرفہ فیصلہ ہے۔
بھارتی عدلیہ کا دہرا معیار کیوں؟
یہ بھی کتنی ستم ظریفی ہے کہ ایک نوجوان جس کی پہلی غلطی پرواٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر ضمانت نہیں مل رہی لیکن دوسری جانب ہیں انتہا پسند اور متعصب نام نہاد اینکر ارناب گوسوامی۔ وہی ارناب گوسوامی جن کی واٹس ایپ چیٹ لیک ہوچکی ہے۔ ۔ جسے واضح ہوتا ہے کہ ارناب گوسوامی کو14فروری 2019کو بھارتی فوج قافلے پر ہونے والے حملے کا علم تھا۔ اس چیٹ سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ارناب گوسوامی کو معلوم تھا کہ بھارتی فوج پر حملہ ہوگا، جسے جواز بنا کر بھارت پاکستان پر الزام تراشی کرے گا۔ جو اس جانب بھی اشارہ کرتا ہے کہ پلواما میں بھارتی فوج پر ہونے والا حملہ دراصل مودی حکومت کا ہی ماسٹر پلان تھا۔ یہی نہیں ریٹنگ بڑھانے کے لیے اُن کی ہیرا پھیری بھی منظر عام پر آچکی ہے جس میں رشوت دینے کے ثبوت بھی ملے ۔ جبکہ بھارتی اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ انتہائی حساس نوعیت کی معلومات ایک تیسرے درجے کے اینکر تک کیسے پہنچیں۔
اس سارے کھیل تماشے میں ارناب گوسوامی پر مقدمہ بھی چلا لیکن قومی نوعیت کے اس معاملے پر ارناب گوسوامی کو بڑے آرام سے ضمانت بھی مل گئی۔ دوسری جانب آریان ضمانت کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ جن کے بارے میں جج وی پاٹیل کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ چیٹس یہ انکشاف کرتی ہیں کہ آریان نشہ آور اشیا کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ضمانت پر رہا بھی کردیا جائے تو اس بات کا امکان ہے کہ وہ اس عادت کو نہیں چھوڑ پائیں گے۔ یہ ’واٹس ایپ چیٹس‘ پر بھارتی عدلیہ کا دہرا معیار ہی کہا جاسکتا ہے کہ جس میں ارناب گوسوامی آزاد اور آریان پابند سلاسل ہیں۔ بھارت میں باشعور اور سنجیدہ طبقہ اسی بات پر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔
آریان خان سے متعلق مزید پڑھیں:
آریان خان پھر ضمانت سے محروم، ہائی کورٹ جانے کا اعلان
آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ ملی
Discussion about this post