اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ بالی وڈ ستارے جس افطار پارٹی کا انتظار سارا سال کرتے ہیں وہ سابق ایم ایل اے بابا صدیقی کی تقریب ہوتی ہے۔ جس کا رمضان آتے ہی بالی وڈ ستارے یہ جاننے کے لیے بے چین رہتے ہیں کہ اس کا انتظار کب ہورہا ہےکیونکہ ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں کی کہکشاں اتر آتی ہے۔
افطار پارٹی سے زیادہ یہ کسی فیشن شو کا نظارہ پیش کرتی ہے۔ فلمی ستارے پوری آن و شان کے ساتھ اس پارٹی میں جلوہ افروز ہوتے ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز شاہ رخ خان اور سلمان خان رہتے ہیں۔
بعض اوقات یہ دو بڑے ستارے ایک ہی میز پر ہوتے ہیں توماضی میں ایک دوسرے سے دور دور رہنے کے مناظر پیش کرچکے ہیں۔ اس سال بھی یہ تقریب 2 سال کے وقفے کے بعد ممبئی میں اتوار ہوئی تو بھلا کون سا ایسا ستارہ نہیں تھا جو اس تقریب میں اپنی جھلک دکھانے نہ پہنچا ہو۔ شاہ رخ خان بڑے طویل عرصے بعد کسی تقریب میں شلوار قمیض زیب تن کر پہنچے تو وہیں سلمان خان کی بھی انٹری ہوئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار دونوں بڑے خان ز ایک ہی میز پر براجمان نہ ہوئے۔ شہناز گل بھی پوری آب و تاب سے جھلمائیں۔ جبکہ سلمان خان کےساتھ بطور خاص سنجے دت اور بابا صدیقی کی گروپ تصویراتروائی۔ یہی نہیں بپاشا باسو سمیت کئی اداکارائیں دلوں کو چرانے کے لیے تقریب میں موجود رہیں۔
یاد رہے کہ بابا صدیقی کانگریس کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ جو بالی وڈ تقریبات کا اہتمام کرتے رہتے ہیں۔ جبکہ ایک دو فلموں کے پروڈیوسربھی رہے ہیں۔ سلمان خان سے قریبی مراسم ہیں۔ جبکہ سماجی رہنما اور بزنس مین کے طور پر بھی شناخت رکھتے ہیں۔ بالی وڈ کے کئی ستارے ان کے قریبی دوست تصور کیے جاتے ہیں۔
Discussion about this post