بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی جب موہالی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے اترے تو یہ ان کے کیرئیر کا 100 واں ٹیسٹ تھا۔ کوہلی بھارت کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی سنچری مکمل کرنے والے 12 ویں کھلاڑی ہیں۔ اس موقع پر انہیں ہیڈ کوچ نے سوونئیر پیش کیا جبکہ کوہلی شریک سفر انوشکا شرما بھی اس یادگار تقریب میں موجود تھیں۔
بدقستمی سے کوہلی اس ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوہلی نے 100 ٹیسٹ میچوں کا سنگ میل عبور کرنے پر ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اس اعزاز کو پائیں گے۔ یہ ان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ کوہلی بھارتی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان تصور کیے جاتے ہیں جنہوں نے 68 ٹیسٹ میچز میں قیادت کی ان میں 40 جیتے اور صرف 17 ہارے۔ کوہلی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ کی درجہ بندی میں تین سال تک نمبر ون رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔
بدقستمی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ان کی کپتانی اور بیٹنگ پر تنقید ایسی کی گئی کہ انہوں نے ہر فارمیٹ کی قیادت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ کوہلی پاکستانی کھلاڑیوں اور عوام کے پسندیدہ اسپورٹس مین تصور کیے جاتے ہیں۔ اور ایسے وقت جب وہ اپنے کیرئیر کا 100واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حسین احمد نے کوہلی کی 18 نمبر کی ٹی شرٹ پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ یہ ٹی شرٹ ان کے لیے دبئی سے ایک دوست بطور خاص لایا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حسین احمد کا کہنا ہے کہ وہ کوہلی کو پسند کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ بہت بڑے کھلاڑی اور انسان ہیں۔ یاد رہے کہ یہ حسین احمد وہی ہیں جو پاکستان سپر لیگ 7 میں بھی کوہلی کا پوسٹر لے کر پہنچے تھے اور خواہش ظاہر کی تھی کہ کاش کوہلی بھی پی ایس ایل کا حصہ بنیں۔
Discussion about this post