میکسیکو سٹی کے مضافاتی علاقے میں محبت کے عالمی دن پر اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی جہاں 660 سے زائد جوڑوں نے شرکت کی اور شادی کے اس خوبصورت بندھن میں بندھ گئے، تقریب کے شرکاء کی اس پرمسرت موقع پر خوشی دیدنی تھی، ان کے آنکھوں میں آنسو اور چہرے پر ناختم ہونے والی مسکراہٹ بکھیری ہوئی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان نوبیاہتا جوڑوں میں 74 برس کے فرانسسکو کالوو اور روسالبہ سلوا کا بھی جوڑا تھا جن کی پہلی ملاقات 5 سے قبل ہوئی تھی، سلوا بیوہ تھیں جنھوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ دوبارہ دلہن بنیں گی اور پھر سے ایک نئی زندگی کی شروعات کریں گی۔ اپنے نئے شوہر کے ساتھ مسکراتے ہوئے سلوا نے کہا میں نے نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایک اور موقع ملے گا۔
اس بڑے پیمانے کی شادی کی تقریب میں شہر کی انتظامیہ اور جوڑوں کے خاندانوں نے بھی شرکت کی تھی، جن میں سے کچھ نے اس تقریب کو اپنی خاندانی روایت کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ شرکاء میں موجود 40 برس کے جوناتھن گارشیا کے مطابق اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں میری دو بہنوں کی بھی شادی ہوئی تھی جن کی خوشی کو دیکھتے ہوئے ہم نے اس روایت کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ میکسکو کونسل دفتر کی ایک افسر کے مطابق 660 جوڑوں، خاندانوں اور ہمارے لیے اس تقریب کا انعقاد ایک اہم موقع تھا جہاں ہزاروں لوگوں کو ایک مقام پر جمع کرنا کسی چیلنج سے کم نا تھا، یہ واقعی ہمارے لیے ایک حیران کن اقدام تھا۔
Discussion about this post