وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیزالفالح اور مشیرِ شاہی دیوان نے ریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہِ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے، وزیرِاعظم کے حالیہ دورہءِ سعودی عرب میں 600 ملین ڈالر کے اضافے سے مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا۔ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی۔ تاہم، سعودیہ پاکستان سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5 منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی گفتگو کی گئی، وزیرِ اعظم کی جانب سے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کے لیے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کی گئی۔
Discussion about this post