کرونا وبا کے خلاف جنگ میں اب باربی ڈول بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ بچیوں کی من پسند گڑیا جو 62 برس کی ہونے کے باوجود ’ڈول‘ ہی کہلاتی ہے، اب اس کے 6 نئے ایڈیشن متعارف کرا دیئے گئے ہیں۔ جن میں یہ ساری کی ساری ڈول ڈاکٹری لباس زیب تن کیے ہوئی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اُن خواتین ڈاکٹرز کو خراج تحسین ہے، جو کرونا وبا کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی خدمت میں مصروف رہیں۔ انہی میں سے ایک برطانوی پروفیسر ڈیم سارہ گلبرٹ سے مشابہت رکھتی باربی ڈول ہے۔ باربی ڈول کی ان تخلیقات کو بہت جلد مارکیٹ میں پیش کیا جارہا ہے۔
پروفیسر ڈیم سارہ گلبرٹ آخر کون ہیں؟
برطانوی پروفیسر ڈیم سارہ گلبرٹ کرونا کے خلاف ایسٹرازینیکا ویکسین تیار کرنے والی ڈاکٹر ہیں۔ یہ وہی ویکسین ہے جو اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہورہی ہے۔ جس کی خوراک 170سے زائد ممالک میں روانہ کی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈیم سارہ گلبرٹ نے گزشتہ برس ہی کرونا ویکسین تیار کی تھی۔ 59برس کی برطانوی پروفیسر کا خیال ہے کہ گڑیا ساز کمپنی کی جانب سے یہ اقدام واقعی قابل فخر ہے، جس کے نتیجے میں کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
مشابہت والی گڑیا پر برطانوی پروفیسر کیا سوچتی ہیں؟
پروفیسر ڈیم سارہ گلبرٹ کو جب یہ باربی ڈول پیش کی گئی تو ان کے تاثرات ناقابل بیان تھے۔ ان کے مطابق نیلے رنگ کے پینٹ سوٹ میں یہ گڑیا واقعی دیکھنے میں خاصی پرکشش لگی۔ یہ بڑا عجیب اور خوشگوار تصور ہے کہ باربی ڈول ان سے مشابہت رکھتی ہے۔ اس طرح کے اقدام سے صنف نازک میں یہ شوق پروان چڑھے گا کہ وہ کوئی ایسا کام کریں، جس کے بعد انہیں بھی باربی ڈول کے روپ میں پیش کیا جائے۔ درحقیقت یہ باربی ڈول بچیوں کو بنی نوع انسان کی خدمات کی جانب مائل کرے گی۔
کرونا کیخلاف جنگ میں شریک دیگر باربی ڈول کس کی ہیں؟
باربی ڈول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان میں ایک ٹورنٹو یونیورسٹی کی ماہر نفسیات ہیں، جو صحت کی دیکھ بھال میں نسل پرستی کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ اسی طرح ایک برازیل کی بائیو میڈیکل ریسرچر جیکولین گوز ڈی جیس ہیں۔ جنہوں نے کرونا سے سب سے زیادہ تباہ برازیل میں اس وبا کی مختلف اقسام کے سے متعلق ریسرچ کی قیادت کی۔ جب کہ ایک باربی ڈول آسٹریلوی ڈاکٹر کربی وائٹ کی ہے جو وبائی مرض کے دوران فرنٹ لائن ورکر کے طور پر کام کررہی ہیں۔
باربی ڈول کے مختلف روپ
مختلف وقتوں میں باربی ڈول کے نت نئے روپ سامنے آچکے ہیں۔ جبھی اسے بچیاں غیر معمولی طور پر پسند کرتی ہیں۔ حال ہی میں روس کی واحد خلا باز انا کیکینا کو بھی باربی ڈول کے طور پر پیش کیا جاچکا ہے۔ جب کہ نامور خاتون کھلاڑی سے مشابہت رکھتی باربی ڈول مارکیٹس میں دسیتاب ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق مختلف ادوار میں 200 سے زائد منفرد شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی باربی ڈول تیار کی جا چکی ہیں۔ جب کہ باربی ڈول پر کارٹون بچیوں کے پسندیدہ تصور کیے جاتے ہیں۔
Discussion about this post