پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ پیر کو آخرکار جاری کردیا گیا۔ عاطف اسلم، آئمہ بیگ اور عبداللہ صدیقی نے جھوم جھوم کر’ آگے دیکھ ‘ کو گایا ہے۔ کرکٹ کے جوشیلے جوان ہر منظر میں نظر آئیں گے۔ سوشل میڈیا پر بس اسی گیت کا چرچا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ویڈیو کے ایک منظر میں مریم نواز اور کلثوم نواز کا بھی تذکرہ ملے گا۔ ویڈیو کے 35 ویں فریم میں جب بچے کرکٹ کے شوق میں بھاگتے دوڑتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ تو اسی منظر میں دیوار پر کلثوم نواز اور مریم نواز کی وال چاکنگ نمایاں طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ لاہور کے علاقے مزنگ کے حلقے کا منظر ہے، جس کی تختی اس ویڈیو گیت میں دکھائی دے رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مریم نواز اور کلثوم نواز ہی نہیں پنجاب اسمبلی کے رکن ماجد ظہور کا نام بھی اس ترقیاتی کام کے افتتاح کی تختی پر واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
لگتا یہی ہے کہ ویڈیو کے ڈائریکٹر ذیشان پرویز کی نگاہوں سے ایسی چوک ہوئی کہ وہ حکومت کی سخت ترین حریف مریم نواز کا نام دیکھ ہی نہیں پائے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا وہ پھر سے ایڈٹ کرکے اس آفیشل ترانے کو پیش کریں گے؟ بظاہر تو ایسا نظر نہیں آتا کیونکہ اس وقت یہ ویڈیو گیت لاکھوں یوزر دیکھ چکے ہیں۔ نئے سرے سے اپ لوڈ کرنے پر ان یوزر سے محروم ہونا پڑے گا۔
Discussion about this post