ترک زبان کی پہلی فلم ”آئیلہ“ رواں جمعہ11فروری کو سینماؤں کی زینت بنے گی۔ ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ریلیز ہونے والی ’آئیلہ“دنیا بھر میں شائقین کی پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔ پاکستانی فلمی شائقین کو معیاری فلموں کی تفریح دینے کیلئے معروف ادارے ڈسٹری بیوشن کلب نے ترکش زبان میں بننے والی عالمی شہرت یافتہ فیچر فلم ”آئیلہ“ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو پاکستانی سنیماؤں کی زینت بننے والی پہلی ترکش فلم ہوگی۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو مینیجر شیخ عابد رشید نے ”تار” کو بتایا کہ ”آئیلہ“ کو خصوصی طور پر اردوز بان میں ڈب کروایا گیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک خوبصورت بچی ’’آئیلہ“ کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو ایک ترکش فوجی کو میدان جنگ میں ملتی ہے۔ شیخ عابد رشید نے بتایا کہ ترکش فلمیں اپنی معیاری پروڈکشنز اور اچھوتے آئیڈیاز کی بدولت پہلے ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں اور مذکورہ فلم ”آئیلہ“ بھی اپنی جذباتی کہانی اور فنکاروں کی جاندار اداکاری کے باعث شائقین کی توجہ سمیٹ چکی ہے۔ ’’آئیلہ“کو پاکستانی سنیماؤں میں نمائش کیلئے سنسر سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاچکا ہے جبکہ اسکی تشہیری مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ شیخ عابد رشید کے مطابق’’آئیلہ“ پاکستانی شائقین کو ترکش سینما سے متعارف کروائے گی اور پاکستانی سنیماؤں میں ’آئیلہ“ کی نمائش پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات میں انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ترکی میں فلم آئیلہ 2017 کو ریلیز کی گئی تھی۔
Discussion about this post