ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صحافی ارشد شریف کے معاملے پر کینیا کی پولیس نے مانا کہ واقعہ پولیس کی غلطی سے ہوا۔ حکومت سے درخواست کی کہ ضروری ہے ارشد شریف کے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائے تاکہ تمام امور کو منطقی انجام تک لے جایا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے کے حالات پر سوالات اٹھتے ہیں، بدقسمتی سے ان چیزوں پر بہت زیادہ الزام تراشیاں کی جاتی ہیں، اس واقعے پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ارشد شریف کی موت کو جواز بنا کر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں، مہم چلائی جارہی ہے، دیکھنا ہوگا کہ واقعے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہے۔ واقعے کو جواز بنا کر من گھڑت الزامات لگائے جاتے ہیں، ان تمام معاملات پر تفتیش ہونی چاہیے، صرف ان حالات پر تحقیقات نہیں ہونی چاہیے کہ وہاں کیا ہوا۔ بلکہ ان حالات پر بھی کہ ارشد شریف کو پاکستان سے کیوں جانا پڑا۔ کس نے انہیں جانے پر مجبور کیا؟ وہ کیسے گئے، کہاں گئے اور حالات کیا تھے؟
Discussion about this post