ادب سے محبت اور کتابوں سے رغبت رکھنے والوں کا انتظار اب ختم، دو سال کے طویل عرصے بعد کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 16ویں بین الاقوامی کتب میلے کا انعقاد ہوگا جو 30 دسمبر 2021 سے 03 جنوری 2022 تک جاری رہے گا، جہاں کتابوں اور ادب سے شغف رکھنے والوں کے لیے 330 سے زائد بک اسٹائلز لگائے جائے گے۔ اس عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹالز سے میلے کو چار چاند لگائیں گے، بین الاقوامی کتب میلے کا افتتاح وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ 30 دسمبر کو کریں گے جبکہ اس میلے میں پاکستان کے مشہور آرٹسٹ، مصنف اور مزاح نگار انور مقصود بھی اپنے خیال کا اظہار کریں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کے نسبت اس میلے میں زیادہ افراد شرکت کریں گے۔ اس سال چار لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔
کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے جو 2005 سے لگاتار شہرقائد کے باسیوں میں علم و دانش کے انمول ہیرے بانٹ رہا ہے۔اس میلے میں ناصرف پاکستان بھر سے بلکہ ہندوستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے بھی حصہ لیتے ہیں۔یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔ 15 سال سے مسلسل ہر سال باقاعدگی کے ساتھ اس انٹرنیشنل بک فیئر میں اس وقت تعطل آیا جب 2020 میں کوویڈ کے مریضوں کے لیے ایکسپو سینٹر کراچی میں فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا جس کو بعد میں کراچی کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں بھی تبدیل کردیا گیا تھا تاہم اب ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن کا عمل ختم ہونے کے بعد دوبارہ نمائشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
Discussion about this post