ملک بھر میں کرونا کی چوتھی لہر خوف ناک حد تک اپنے وار چلا رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 102افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
یہ 3 ماہ کے دوران اموات کی سب سے بڑی تعداد تصور کی جارہی ہے۔ اس سے قبل 100 سے زیادہ اموات 20 مئی کو ریکارڈ ہوئی تھیں۔ این سی او سی کے مطابق اس بار انتقال کر جانے والے 45افراد وہ ہیں جو وینٹی لیٹرز پر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے۔
اس وقت صورت حال یہ ہے کہ اسلام آباد میں وینٹی لیٹرز پر 47 فیصد افراد موجود ہیں۔ پشاور میں 36، ملتان میں 42 اور بہاولپورمیں یہ 40 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔ جب کہ 4 ہزار 584مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 59 ہزار 397 ٹیسٹ کیے گئے، ان میں سے 4934 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 85 ہزار 294 کو چھو گئی ہے۔ جب کہ 3376 مریض کرونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ یوں مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 474 ہوچکی ہے۔
جہاں تک بات ویکسی نیشن کی ہے تو اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 3 کروڑ 17 لاکھ 79 ہزار 365 افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز جب کہ 1 کروڑ 12 لاکھ 29 ہزار 247 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز مکمل کی جاچکی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے اپوزیشن پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ آزا د کشمیر کے انتخابات سے پہلے اپوزیشن نے خصوصی ویکسی نیشن مہم چلانے کا واویلا کیا ۔ یہاں تک انتخابات ملتوی کرنے کی بھی سفارش کی ، لیکن انتخابات کے بعد سے آزاد کشمیر میں کرونا کیسز کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اب وہاں شرح 25 سے 30 فیصد کے درمیان چل رہی ہے۔
ان کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا پھیلاؤ میں الیکشن نے ایک سپر اسپریڈر کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کراچی جو کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں پی ڈی ایم اب جلسہ کرنے جارہی ہے۔ جس سے یہ وبا مزید پھیل سکتی ہے۔ افسوس پچھلے ایک سال میں کرونا ایس او پیز کی بدترین خلاف ورزیاں سیاست دانوں کی طرف سے ہوئیں۔
Two weeks back bilawal zardari was threatening to hold PM and ministers accountable if covid spreads further in karachi and now PDM announces holding a jalsa this month in karachi!! Sadly the worst violations of covid sop's in the last one year have come from politicians.
— Asad Umar (@Asad_Umar) August 12, 2021
Discussion about this post