پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ غیرملکی کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے ایک عام خیال یہی ہے کہ ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں، جس کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ کھلاڑیوں کو غیر ملکی دوروں پر وہاں کی کنڈیشن سمجھانے میں آسانی ہوگی۔ رمیز راجا کے مطابق اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پاکستانی کوچز کو نظر انداز کردیا جائے گا، جہاں ان کی خدمات کی ضرورت ہوں گی ، انہیں استعمال کیا جائے گا۔ رمیز راجا کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی بہترین ٹیم ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ کوشش کررہے ہیں کہ کپتان کو بااختیار بنایا جائے، جس کے نتائج گزشتہ برس مثبت آئے اور پاکستان نے ہر ملک کے خلاف بہترین کارکردگی کا اظہار کیا۔
رمیز راجا نے یہ بھی خوشخبری سنائی کہ گیارہ سال کی عمر کے بچوں کے لیے کرکٹ ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے ۔ اس مقصد کے لیے اسپانسرز سے ازخود ملاقات کی ہے اوراُنہیں اس بات پر قائل کیا ہے کہ پاکستانی کم عمر بچوں کی اس ٹریننگ میں وہ تعاون کریں۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ کے مطابق جب تک نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو بہتر انداز میں تلاش نہیں کیا جائے، اچھے کھلاڑی نہیں ملیں گے۔ اس کے ساتھ ہی پی سی بی جونیئراور ویمن پی ایس ایل کے لیے بھی کام کرنے میں لگا ہے۔ رمیز راجا نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں ٹی ٹین ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے۔
Discussion about this post