نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرانے کی روایت برقرار رکھی۔ شعیب ملک نےبطور کپتان اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ایک ایسے میچ میں جس میں ہدف خاصا مشکل تھا۔ شعیب ملک نے پہلے حسین طلعت کے ساتھ مل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بالرز پر شارٹس کھیل کر خوب حملے کیے۔ کسی بھی لمحے پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بالرز کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیا۔
حسین طلعت نے شاندار انداز میں نصف سنچری اسکور کی اور ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ دیگر نمایاں بلے باز یاسر خان رہے۔ جنہوں نے 30 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ پشاور زلمی کے سامنے 191 رنز کا ہدف تھا۔
دونوں کے درمیان 81 رنز کی قیمتی شراکت نے پشاور زلمی کو جیت کے قریب رکھا۔ ابتدائی 3 وکٹیں 77 رنز پر گرنے کے باوجود شعیب ملک اور حسین طلعت نے وکٹ کے چاروں طرف شارٹس کھیلے۔
S L A P P E D! #HBLPSL7 l #LevelHai l #QGvPZ pic.twitter.com/Mr7GnlnQ3E
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) January 28, 2022
شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 48 کی فاتحانہ اننگ کھیلی۔ اُن کی اننگ میں 4 بلند و بالا چھکے اور ایک چوکہ شامل تھا۔ یوں پشاور زلمی نے اپنے پہلے ہی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ کوئٹہ کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بالر محمد نواز 44 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کا شکار کرکے رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 191 رنز کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ پشاور زلمی کی جانب سے حیدر علی نے 19 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں دھواں دھار انداز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی خاص بات اُس کے دونوں اوپنرز احسن علی اور مین آف دی میچ ول سیڈ کے درمیان 155 رنز کی شاندار شراکت رہی۔
احسن علی صرف 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی باری کھیلی۔ جبکہ ول سیڈ نے پشاور زلمی کی بالنگ لائن کو ادھیڑ کر رکھ دیا۔ بدقسمتی سے وہ صرف 3 رنز کی کمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں پہلی سنچری اسکور کرنے کے کارنامے سے محروم رہے۔
پشاور زلمی کی طرف سے عثمان قادر اور سمین گل نے 2 دو کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کا راستہ دکھایا۔ وہاب ریاض کی عدم دستیابی کی بنا پر پشاور زلمی کی قیادت شعیب ملک کے ذمے تھی۔ جن کے فیلڈرز نے یقینی کیچز ڈراپ اور رن آؤٹ کے کئی مواقع ضائع کیے۔ جس کا بھرپور فائدہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اٹھایا۔
اس میچ میں پشاور زلمی نے یاسر خان کو جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اشعر قریشی کو ڈیبو کرایا۔ ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ دوپہر میں ملتان سلطانز کا مقابلہ لاہور قلندرسے ہوگا جبکہ شام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بارپھر کراچی کنگز سے دو دو ہاتھ کے لیے میدان میں اترے گی۔
Discussion about this post