نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے ہوئے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک میں کورونا کے 10فی صد سے زائد مثبت شرح والے شہروں کے لیے نئی پابندیاں لگ گئی ہیں۔ جس کے تحت 20جنوری کے بعد ان ڈور شادیوں، کھانے اور اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح 12سال سے زائد عمر کے بچے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے کے بعد ہی اسکول کا رخ کرسکیں گے۔ 12سال سے کم عمر بچوں کی کلاس میں 50فی صد حاضری رکھی جائے گی۔10فی صد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300ویکسینیڈ افراد شرکت کرسکیں گے۔
پبلک ٹرانسپورٹ 70فی صد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی۔ جبکہ دفاتر میں کام نارمل اوقات کار میں ہوتا رہے گا۔ گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ٹرینیں 80فی صد گنجائش کے ساتھ چلائی جائیں گی۔ 10فی صد سے زائد شرح والے اضلاع میں جم، سنیما، مزارات اور پارکس میں 50فی صد افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا پھیلاؤ والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔ 10فی صد سے زائد کیسز والے اضلاع میں کبڈی، پولو، کراٹے، باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں پر بھی پابندی ہوگی۔ عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہر صورت میں ماسک کا استعمال کریں۔
Discussion about this post