پاکستان میں عید کا تہوار پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ یہ اس اعتبار سے بھی مکمل رنگینی سمائے ہوئے ہے کیونکہ 2 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی عوام کورونا وبا کی پابندیوں کے بغیر عید کی خوشیاں منارہے ہیں۔ پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ جس میں ملکی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کراچی میں عید کا بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا۔ جہاں صوبائی وزرا سمیت سیاسی رہنماؤں نے نماز عید ادا کی۔ کچھ ایسی ہی صورتحال راولپنڈی اسلام آباد، کوئٹہ، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں رہی۔ اس موقع پرسیکوریٹی کے کڑے انتظامات دیکھنے کو ملے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے رائے ونڈ لاہور میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ جس کے بعد دونوں رہنما عوام میں گھل مل گئے۔
وزیراعظم نے عید کے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ وقت گلے کرنے کا نہیں بلکہ گلے ملنے کا ہے۔ عید کا دن خوشیاں مناتے ہوئے نادارو مفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق قوم کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کا عزم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے محکوم مسلمانوں کے لیے بھی دعا ہے کہ انہیں ظلم و جبر سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثار و قربانی کا دن ہے۔ عید کی حقیقی خوشی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم دوسروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔
Discussion about this post