افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے کور کمانڈر پشاور کے بارے میں سینئرسیاست دانوں کے حالیہ بیانات کو غیر مناسب قرار دیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور، افواج پاکستان کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔ اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی۔ پشاور کور 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔ سپاہی اور افسران وطن کی خود مختاری اور سالمیت کی حفاظت جان ہتھیلی پر رکھ کر کررہے ہیں۔سینئر سیاسی قیادت سے امید کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں۔
کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، بابر افتخار
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابرافتخار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں سے سیاسی لیڈر شپ کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔ کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔ بار بار درخواست کررہے ہیں کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ سیاست میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں وضع کیا گیا ہے، پاکستانی قانون کے مطابق فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم ہے، بطور ادارہ کافی عرصے سے برداشت اور تحمل کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ درخواست ہے چاہے سیاستدان یا میڈیا ہو فوج کو سیاسی گفتگو سے باہر رکھیں، جلسوں، تقاریر میں فوج کی سیاسی صورت حال میں مداخلت کی بات انتہائی غیر مناسب ہے۔ فوج کو سیاسی صورت حال میں مداخلت کی بات کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتی، فوجی قیادت اپنے طور پر پاکستان کی سیکیورٹی، پاکستان کی حفاظت کے لیے مستعد ہے۔ پاکستان اور عوام کی حفاظت پر کسی طور پر بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
Discussion about this post