برطانوی آنجہانی شہزادی ڈیانا کے بارے میں یہ نیا انکشاف شاہی فوٹوگرافر انور حسین نے ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے کہ شہزادی اسلام کے بارے میں بہت کچھ سمجھنے اور جاننے کی کوشش میں تھیں۔ 83 برس کے انور حسین کے مطابق شہزادہ چارلس سے طلاق کے بعد ڈیانا کی توجہ کا مرکز پاکستانی ڈاکٹر محمد حسنات بن گئے تھے اور ایک گفتگو میں اس جانب اشارہ ملتا ہے کہ شہزادی ڈیانا نے اسلام قبول کرنے بعد دوبارہ گھر بسانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ایک پرواز کے دوران ڈیانا اُن تک پہنچیں اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ انور حسین سے کچھ بات کرنا چاہتی ہیں۔ شہزادی نے اُن سے بین المذاہب شادی کے بارے میں پوچھا۔
انور حسین کا کہنا ہے کہ ڈیانا نے یہ دریافت کیا کہ وہ یہ جاننے میں دلچسپی رکھتی ہیں کہ اگر ایک مسلمان شخص ہو اور دوسرا کسی اور مذہب سے تو کیا شادی ممکن ہوسکتی ہے؟ انورحسین کے مطابق یقینی طور پر شہزادی ڈاکٹر حسنات اور اپنے رشتے کے متعلق اُن کی مذہبی اعتبار سے رائے جاننے کی خواہش مند تھیں۔ وہ اس بارے میں بھی معلومات حاصل کرنا چاہتی تھیں کہ ایسی شادی پر خاندان کا کیا ردعمل ہوتا ہے اور یہ بات وہ انور حسین سے اس لیے بھی پوچھ رہی تھیں کیونکہ اُن کی اپنی شادی ایک انگریز خاتون سے ہوئی تھی۔ جس پر انہوں نے ڈیانا کے ساتھ اپنے تجربات کو شیئر کیا۔
Discussion about this post