مستند اور جارحانہ بلے باز اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ کیوی کپتان کا کہنا ہے کہ وہ کچھ وقت کے لیے آرام کرنا چاہتے ہیں اور تازہ دم ہو کر 24نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔ کین ولیم سن کی جگہ اب کیوی ٹیم کی 3ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں کپتانی فاسٹ بالر ٹم ساؤتھی کریں گے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو جے پور میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا میچ جمعے کو اور تیسرا اتوار کو رانچی اور کول کتہ میں ہورہا ہے۔ بھارتی ٹیم کی قیادت روہیت شرما کریں گے۔ اسی طرح روی شاستری کی جگہ ہیڈ کوچ کے فرائض راہول ڈریوڈ انجام دیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اس دورے میں 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ جو کان پور اور ممبئی میں ہورہے ہیں۔ بھارتی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سابق کپتان ویرات کوہلی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ کین ولیم سن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران مسلسل کھیلنے کی وجہ سے وہ تھکاوٹ کا شکار ہیں اور چاہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرکے پھر سے کرکٹ میدانوں پر اتریں۔ اس عرصے ان کی توجہ زیادہ سے زیادہ آرام پر ہوگی۔
Discussion about this post